ہفتہ، 11 اگست، 2018

شہید سندھ : راجہ داہر

شہید وطن
سندھ کی داستان راجہ داہر کی دو بیٹیوں سوریا دیوی اور پرمل دیوی کے بغیر نا مکمل ہے، جب انہیں خلیفہ کے حرم میں پیش کیا گیا، تو بڑی بہن نے خلیفہ کو کہا کہ وہ کنواری نہیں رہی، محمد بن قاسم ان دونوں بہنوں کو خلیفہ کے پاس بھیجنے سے پیشتر ان کی عزت لوٹ چکا ہے، خلیفہ کے حکم پر محمد بن قاسم کو ایک تازہ ذبح شدہ بیل کی کھال میں سی کر بھیجا جاتا ہے۔ خلیفہ کو جب اطلاع ملتی ہے کہ محمد بن قاسم کا صندوق آ پہنچا ہے تو خلیفہ دریافت کرتا ہے ” زندہ ہے یا مردہ “۔ اسے بتایا جاتا ہے ” خدا خلیفہ کی عمر اور عزت کو دائمی بقا عطا کرے، جب اودھا پور میں فرمان ملا تب حکم کے مطابق محمد بن قاسم نے خود کو کچے چمڑے میں بند کرایا، اور دو دن بعد راہ میں جان اللہ تعالیٰ کے حوالے کر کے دارالبقا کو کوچ کر گیا “۔ اس وقت خلیفہ داہر کی بیٹیوں کو بلاتا ہے، اور اپنے ہاتھ میں پکڑی سبز زمرد کی چھڑی کو محمد بن قاسم کے دانتوں پر پھیرتے ہوئے کہتا ہے ” اے راجہ داہر کی بیٹیو، ہمارا حکم اپنے ماتحتوں پر اس طرح جاری ہے۔ اس لیئے کہ سب منتظر اور مطیع رہتے ہیں۔ جیسے ہی ہمارا فرمان اسے قنوج میں ملا، ویسے ہی ہمارے حکم پر اس نے اپنی پیاری جان قربان کر دی “۔ لیکن جب خلیفہ کو داہر کی بیٹی یہ بتاتی ہے کہ اس نے اپنے باپ راجہ داہر کی موت کا انتقام لینے کیلئے جھوٹا الزام لگایا ہے تو وہ خلیفہ دونوں بہنوں کو دیوار میں زندہ چنوا دیتا ہے۔
کیا یہ واقعی ایک ایسی جنگ تھی جسے جائز قرار دیا جا سکتا ہے۔ یا یہ عربوں کی اپنے وقت کی مہذب دنیا کو لوٹنے کی ایک کاروائی    تھی۔ 
Image result for Raja Dahir
جیسے اس سے پہلے وہ شام، مصر، عراق و ایران کو لوٹ چکے تھے۔ کیا وجہ ہے کہ خلیفہ وقت دونوں بار سندھ پر چڑھائی کی اجازت دینے سے ہچکچاتا ہے، کیا اس کا جذبہ ایمانی حجاج بن یوسف سے کمزور تھا، خلیفہ اور حجاج کے درمیان جو خط و کتابت ہوتی ہے اس میں بھی کسی جہاز کے لٹنے کا کوئی ذکر نہیں ہے، دوسری بار بھی جو خط لکھا جاتا ہے اس میں بھی شکست کا انتقام لینے اور بذیل بن تحفہ کے سندھ کے حملے کے دوران قید ہونے والے قیدیوں کا ذکر ہے۔ فتح کے بعد بھی حجاج صرف شکست کے انتقام اور منافع کا ذکر کرتا ہے۔ حجاج کی یہ بھی خواہش تھی کہ سندھ کے بعد باقی ماندہ ہندوستان اور اسکے بعد چین پر بھی حملہ کیا جائے، کیا باقی ماندہ ہندوستان اور چین نے بھی حاجیوں کے جہاز لوٹے تھے یا یہ خواہش دیگر قوموں کی مال و دولت لوٹنے کی عربی جبلت کا اظہار تھا ۔
خلیفہ عثمان بن عفان کے زمانے میں سندھ کا پانی کڑوا اور کسیلا تھا، فتح کے بعد اس قدر میٹھا ہو جاتا ہے کہ حجاج باقاعدہ اس کا ذکر کرتا ہے۔ ۔
ڈاکٹر ممتاز حسین پٹھان کے مطابق عربوں کے سندھ پر حملے کی وجوہات صرف جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ دیبل کی فتح کے بعد عرب قیدیوں کی بازیابی بھی ایک جھوٹ ہے اور تاریخ میں اس کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔ ڈاکٹر خان کے مطابق اس جنگ کا مقصد لوٹ مار اور عربوں کو آپس میں لڑنے اور داخلی انتشار پیدا کرنے کی بجائے ملک سے باہر مصروف رکھنا تھا۔
” سندھ کی فتح حجاج کے پیشگی منصوبے کا حصہ تھی، جسے جائز ٹھہرانے کیلئے بودے دلائل گھڑے گئے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ علافی جو حجاج کے مظالم سے بھاگ کر راجہ داہر کی پناہ میں آئے تھے، انہوں نے بھی عربوں کے لیئےجاسوسی کا کام کیا۔ انہوں نے اہم معلومات عربوں تک پہنچائیں اور عربوں کو سندھ پر حملہ کرنے کی ترغیب دی”۔ ڈاکٹر خان بدھوں کو بھی راجہ داہر کی شکست کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے جنہوں نے اہم مواقع پر داہر کو دھوکا دیا۔
گو سندھی قوم پرست آج بھی دو جولائی کو راجہ داہر کا دن مناتے ہیں لیکن راجہ داہر کا یہ کہنا انتہائی غلط ثابت ہوا کہ ہند اور عرب کے تاریخ دان اسے ایک سورما کے طور پر یاد رکھیں گے، عرب تو در کنار داہر کو اپنے ہی دھرتی پر نہ صرف بھلا دیا گیا بلکہ ایک اس کے مقابلے میں ایک غیر ملکی لٹیرا قابل ستائش ٹھہرا۔ آقاوؑں کے تلوے چاٹنے والوں کی کبھی بھی کمی نہیں رہی، عرب ہونا انتہائی افضل ٹھہرا اور عربوں کی ہر چیز اتنی برتر اور مقامی لوگوں کا احساس کمتری اس سطح پر آ گیا کہ مقامی لوگوں نے اپنی جڑیں عرب میں تلاش کرنے شروع کر دیں۔ راجپوت ہونا جو کبھی باعث فخر ہوتا تھا، انہوں نے بھی اپنے سلسلہ نسب عرب سے جوڑنا شروع کر دیا سموں نے اپنے آپ کو عبدالعزیٰ (ابولہب)، سومروں نے علوی سادات، کلہوڑوں نے خود کو عباسی، اور بلوچوں نے خود کو حمزہ بن عبدالمطلب کی اولاد کہنا شروع کر دیا۔ سندھ ایکدم سے قریشیوں، عباسیوں، سیدوں اور صدیقیوں وغیرہ سے بھر گیا۔
شاید تاریخ کبھی اس سندھی سورما کو اس کا جائز مقام دے ۔۔۔۔۔
تحریر و تحقیق
غلام رسول ۔
بشکریہ جرات تحقیق ۔

گوادر سے بحری/سمندری شاہراہ ریشم، چین، ایران، روس، آزربائیجان، قازقستان،ترکمانستان، اومان، ترکیہ، جارجیا، بیلاروس، ازبکستان،کرغیزستان، تاجکس...